• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران سے دیگر اشیاء کی طرح پٹرول اور ڈیزل بھی درآمد کرنے کا مطالبہ

کوئٹہ (آن لائن)ایران سے دیگر اشیاء کی طرح پٹرول اور ڈیزل بھی درآمد کرنے کا مطالبہ، اس پر ٹیکس عائد کرکے حکومت لوگوں کی جیبوں میں ماہانہ جانیوالے کروڑوں روپے بچا سکتی ہے، بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی نور محمد شاہوانی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ہمسایہ ملک ایران سے دیگر اشیاء کی درآمد کی طرح ڈیزل بھی درآمد کرے اور اس پر ٹیکس عائد کرکے قومی خزانہ کو فائدہ پہنچا کر لوگوں کی جیبوں میں ماہانہ جانیوالے کروڑوں روپے بچا سکتی ہے ،اگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم نہ کی گئیں تو ہم احتجاج پر مجبور ہونگے جس سے حالات کی ذمہ داری حکومت اور متعلقہ حکام پر عائد ہوگی ۔یہ بات انہوں نے ٹرانسپورٹروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ بڑھتی مہنگائی ڈالر کی قیمت میں اضافہ اور روپے کی قیمت میں کمی کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں ماند پڑچکی ہیں ۔ملک کی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے ڈیزل کی قیمتوں میں کمی وقت اور حالات کے لئے ناگزیر ہوچکی ہے، کیونکہ تمام کاروباری امور ڈیزل پر چلنے والی گاڑیوں کے ذریعے سرانجام دئیے جاتے ہیں ۔حکمران ہمسایہ ملک ایران سے کھانے پینے سمیت دیگر چیزیں منگوا رہے ہیں، ایران سے ڈیزل اور پیٹرول بھی قانونی طور پر منگوا کر فی لیٹر ٹیکس عائد کرکے حکومت کے ریونیو میں اضافہ کرکے معیشت کو مضبوط بنانے میں حصہ ڈال سکتی ہے کیونکہ اسوقت بھی مختلف ذرائع اور راستوں کے ذریعے ایران سے ڈیزل اور پیٹرول آرہا ہے اور اس مد میں ماہانہ کروڑوں روپے لوگوں کی جیبوں میں جارہے ہیں جس کا حکومت کو کوئی فائدہ نہیں اگر ایران سے ٹیکس لگا کر قانونی تقاضوں کے مطابق ڈیزل اور پیٹرول حاصل کرکے عوام اور ٹرانسپوٹروں کو سستے داموں مہیا کیا جائے تو اس سے لوگوں کی زندگی آسان ہونے کیساتھ ساتھ کاروبار کی فراوانی کے علاوہ معیشت کو سہارا دینے میں مدد ملے گی۔
اہم خبریں سے مزید