• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مافیا کا سڑکوں پر دوبارہ قبضہ شروع، ٹریفک کی روانی شدید مشکلات

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کے متعدد علاقوں میں سڑکوں پر مافیا نے دوبارہ قبضہ کرنا شروع کر دیا ٹریفک کو شدید مشکلات،کےایم سی اور ڈی ایم سیز کے پاس سیکڑوں کا اسٹاف ہونے کے باوجود خاموشی، بلدیاتی انتخابات کے سامنے آنے والے نتائج کے بعد بلد یاتی ملازمین کی کارکردگی میں کمی آگئی لوگوں کی شکایات اور توجہ دلانے کے باوجود متعلقہ محکمے تجاوزات ختم نہیں کر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ضلع وسطی کے علاقے کریم آباد میں مینا بازار کے سامنے اور اطراف میں قائم نہ صرف تجاوزات بلکہ برسوں سے مستقل بنیادوں پر قائم ٹھیلے پتھاروں کا خاتمہ کر دیا گیا تھا جس کا کریڈٹ شہریوں نے موجودہ ڈپٹی کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر بلدیہ وسطی طحہٰ سلیم اور انکی ٹیم کو دیا تھا لیکن اب دکانوں کے سامنے پتھارے اسکے بعد موٹر سائیکلیں پھر فروٹ چاٹ والے اور اس کے بعد رکشے کھڑے ہو جاتے ہیں سارا دن یہاں ٹریفک جام رہتا ہے یہی صورتحال شہر کے دیگر علاقوں میں بھی ہو گئی ہے۔ عائشہ منزل ،حسین آباد، لیاقت آباد،سپر مارکیٹ ، گلبہار،واٹر پمپ کے علاوہ قیوم آباد بلدیہ اسکول کے سامنے سڑک،بی ایریا ،سی ایریا، ماڈل کالونی شاہراہ لیاقت اور ہاشم رضا روڈ سمیت متعد علاقوں میں ان دنوں دوبارہ سڑکوں پر مختلف اشیا فروخت کرنے والوں نے قبضے کر لئے ہیں۔ بلدیاتی ادارے جس میں اینٹی انکروچمنٹ سیل کے نام پر سیکڑوں ملازمین تعینات ہیں اور انہیں ماہانہ کروڑوں روپے تنخواہیں دی جاتی ہیں لیکن سڑکوں کو تجاوزات سے کلیئر رکھنے میں ناکام ہیں جس کا خمیازہ شہری بھگت رہے ہیں۔ ذرئع کا کہنا ہےکہ کراچی میں حالیہ بلدیاتی انتخابات کے سامنے آنے والے نتائج کے بعد بلدیاتی ملازمین کی کارکردگی میں کمی آگئی ہے۔
اہم خبریں سے مزید