اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے استنبول میں جاری او آئی سی کانفرنس کے موقع پر سعودی وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ لاجسٹکس صالح بن ناصر الجاصر سے ملاقات میں سعودی حکومت کو کراچی پورٹ تا حیدرآباد ایم10موٹروے کی تعمیر پر سرمایہ کاری کی پیشکش کی دونوں ممالک کے درمیان ٹرانسپورٹ، میری ٹائم اور علاقائی رابطوں کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا، وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ٹرانسپورٹ کے شعبے کی جدید کاری کے لئے سعودی عرب کے ساتھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کام کرنے کا خواہاں ہے، پاکستان زمینی رابطوں اور ٹریڈ کاریڈورز میں اضافہ کر کے خطے کا تجارتی مرکز بننا چاہتا ہے جس کے لئے میری ٹائم کے شعبے میں بھاری سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش موجود ہے۔