لاہور(نمائندہ جنگ) چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز نے کہا ذہنی مریض عمران خان نے وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھ کر جھوٹ، گالی اور گولی کو قومی کلچر بنا دیا،گزشتہ 4سال کے سیاہ آمرانہ دور میں بھائی کو بھائی ، گھروں، دوستوں اور خاندانوں کو لڑایا، بات کرنے کا سلیقہ اور تہذیب چھین لی،قائدِ نواز شریف کی سیاست عوامی خدمت سے عبارت ہے،مشکل ترین حالات میں حکومت سنبھالنے کا مقصد ملک کو بچانا ہے۔گزشتہ روز پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں سوشل میڈیا ٹیم کے اجلاس کی صدارت اورارکان قومی و صوبائی اسمبلی لاہور سے ملاقاتوں کے دوران پارٹی کی تنظیم سازی بارے مشاورت کی گئی۔ مریم نواز کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر متحرک کرنے کیلئے خصوصی نشست ہوئی،مریم نوازشریف نے سوشل میڈیا ٹیم کے نوجوانوں کے جذبے کی تعریف کی اور سراہا۔انہوں نے کہا پارٹی قائد نوازشریف اور مسلم لیگ (ن) شرافت ،برداشت اور اخلاقی قدروں پر یقین رکھتے ہیں،سیاہ دور میں آپکی جرات وبہادری قابل فخر ہے،حقائق اور سچائی کے فروغ کا ذریعہ بنیں،جھوٹ پھیلانے والوں کو سچائی کا آئینہ دکھائیں،معاشرے سے تقسیم در تقسیم کو ختم کرنا اور اتحاد کے جذبوں کو بڑھانا ہے،نوجوان معاشرے میں تحمل، اخلاق بھائی چارے کے جذبے ابھاریں، مکالمے کا جمہوری اور اسلامی طرز تکلم اپنائیں،اختلاف کرنے والے کو دشمن نہ سمجھیں، آپ رضاکارانہ جذبے سے کام کرتے ہیں، آپ پر فخر ہے،سائیبر سپیس پر آپ ملک اور قوم کے مفاد کی جنگ لڑیں۔ مریم نواز سے ملاقات کرنے والوں میں شائستہ پرویز ملک ،پرویز رشید، عطاء تارڑ ، طلال چوہدری انوشہ رحمان و دیگر شامل تھے۔