کراچی (اسٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے خلاف غیر اخلاقی زبان استعمال کرنے پر کراچی پولیس نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ضلع غربی کے موچکو تھانے میں سیکشن 153/500/ 504/506کے تحت مقدمہ الزام۔ نمبر 40/ 2023پیپلز پارٹی کے سینئر نائب صدر پی ایس 112 خدا بخش کی مدعیت میں بلاول بھٹو کے خلاف غیر اخلاقی زبان استعمال کرنے پر درج کیا گیا ہے۔ مقدمہ میں شکایت کنندہ نے بتایا کہ 2 فروری کو وہ اپنے دفتر میں کام میں مصروف تھا کہ اس نے سوشل میڈیا پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو اسلام آباد کے پولی کلینک ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو کے دوران بلاول بھٹو کے خلاف غیر اخلاقی زبان استعمال کرتے ہوئے دیکھا جس کو سننے کے بعد پیپلز پارٹی کے ہزاروں کارکنوں میں اشتعال پھیل گیا لوگوں کی بڑی تعداد باہر روڈ پر آ گئی ۔مدعی کے مطابق شیخ رشید نے جان بوجھ کر امن و امان خراب اور تصادم اور خون ریزی کرانے اور اشتعال پھیلانے کے لئیے یہ سازش کی ہے۔ایف آئی آر کے اندراج کے بعد شیخ رشید کی گرفتاری کے لیے ڈی ایس پی اور موچکو تھانے کے ایس ایچ او کی سربراہی میں سندھ پولیس کی ٹیم تشکیل دے دی گئی اور ٹیم شیخ رشید کی گرفتاری کے لیے روانہ ہوگئی ہے۔