• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم اور صدر مملکت کی بیٹی کے نکاح پر شاہد آفریدی کو مبارکباد

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر مملکت عارف علوی نے شاہد خان آفریدی کو بیٹی کے نکاحکی مبارک باد دی ہے۔شاہد آفریدی نے وزیراعظم کا خط شیئر کر کے ان کی بیٹی کے نکاح میں شرکت نہ کرنے کی وجہ بتادی۔ شیئر کی گئی خط کی کاپی کے مطابق وزیراعظم نے 27 جنوری کو شاہد آفریدی کو خط لکھ کر آگاہ کیا تھا کہ وہ مصروفیات کے باعث تقریب میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔وزیراعظم نے خط میں شاہد آفریدی کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی بیٹی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔شہباز شریف نے تقریب میں مدعو کرنے پر شاہد آفریدی کا شکر یہ بھی ادا کیا تھا۔اس خط کے بعد اب شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر بیٹی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرنے پر وزیراعظم سے اظہار تشکر کیا۔شاہد آفریدی نے لکھا کہ ہمیں دعاؤں میں یاد رکھیے گا۔صدر عارف علوی نے شاہین آفریدی اور انشا آفریدی کے نکاح کے موقع پر دولہا دلہن کے لیے مبارک باد کا پیغام جاری کیا تھا۔عارف علوی نے شاہین شاہ آفریدی اور انشا آفریدی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا تھا۔اس کے بعد اب سوشل میڈیا پر شاہد آفریدی نے صدرِ مملکت کا شکریہ ادا کیا ہے۔دوسری جانب شاہین آفریدی سوشل میڈیا پر تصاویر وائرل کرنے والوں سے ناراض ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ مایوسی کی بات ہے کہ ہماری پرائیویسی کا احترام نہیں کیاگیا۔میری درخواست کے باوجود لوگوں نے لحاظ نہیں کیا، بغیر کسی شرم کے لوگ سوشل میڈیا پر چیزیں شیئر کرتے رہے۔ میں سب سے پھر درخواست کروں گا کہ ہماری فیملی سے تعاون کریں، ہمارا یادگار دن نہ خراب کریں۔شاہد آفریدی کی بیٹی انشا کا حق مہر، مہرِ فاطمہؓ رکھا گیا ہے۔جس کی مقدار 500 درہم چاندی ہے، مہر فاطمہؓ موجودہ دور کے وزن سے ایک کلو 530 گرام چاندی یا اس کی قیمت ہے،قدیم تولے سے 131 اعشاریہ 25 تولہ بنتا ہے۔

اسپورٹس سے مزید