لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہIMF کی شرائط قوم کے سامنے رکھی جائیں، حکمران اپنی کرپشن بند کردیں توIMF قرضہ کی ضرورت نہیں ،دنیاکشمیرمیں بھارتی مظالم بندکرائے۔کراچی میں اسلامی جمعیتطلبہ پاکستان کے سالانہ اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی برہمنوں اور مغل شہزادوں کے جانے کا وقت آگیا، کراچی نے بلدیاتی انتخابات میں انقلاب اور حقیقی تبدیلی کی نوید سنا دی ، اب روشنی پورے ملک میں پھیلے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آئی ایم ایف وفد کے سامنے سجدہ ریز ہے، اس سے بڑھ کر قوم کی اور کیا تضحیک ہو سکتی ہے،آئی ایم ایف کی شرائط قبول نہیں ، جماعت اسلامی مزاحمت کرے گی۔ 10فروری کو عوام کا سمندر لاہور سے اسلام آباد جائے گا ، تین روزہ مہنگائی مارچ حکمرانوں اور آئی ایم ایف کے لیے پیغام ہے کہ ہمیں آپ کے بند کمروں کے فیصلے منظور نہیں، شرائط قوم کے سامنے رکھی جائیں ۔ پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی پر مشتمل ٹرائیکا ایکسپوز ہوگیا ، اب کوئی ان کے گھسے پٹے بیانات اور تاویلیں سننے کو تیار نہیں۔ امیر جماعت نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں آزمائے ہوئے کرپٹ حکمرانوں کا صفایا ہوجائے گا۔ ملک اور بالخصوص خیبر پختونخوا میں بدامنی کے خلاف 8فروری کو کے پی بچائومارچ ہوگا۔