اسلام آباد(ایجنسیاں)تحریک انصاف نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی ارکان چیئر مین عمران خان کی ہدایت پر مشترکہ اجلاس میں شر یک نہیں ہوئے ۔دریں اثناءپارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے متفقہ قرارداد کی منظوری کے موقع پر اراکین پارلیمان نے بھارت کے ظلم و جبر اور استبداد کے خلاف جدوجہد کرنے والے کشمیری مائوں، بہنوں، بیٹیوں، جوانوں اور بزرگوں کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ ہے۔ ارکان پارلیمان نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی آزادی کے لئے جامع روڈ میپ وضکرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ بدھ کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی نے اس حوالے سے قرارداد پیش کی۔ قرارداد پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجہ ریاض نے کہا کہ پوری قوم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ہے۔ سینیٹر عرفان الحق صدیقی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بستیاں قبرستانوں میں تبدیل ہو گئی ہیں ، شہادتیں 90 ہزار سے بڑھ گئی ہیں مگر اس کے باوجود ہم عالم اسلام تک کے ضمیر کو بیدار نہیں کر سکے۔انہوں نے کشمیریوں پر مظالم اور بھارت کے بھیانک چہرے کو بے نقاب کرنے کے لئے مشترکہ کمیٹی کے قیام کی تجویز بھی دی۔