• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن کمیشن پنجاب میں انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کرے، لاہور ہائیکورٹ

لاہور(نمائندہ جنگ)لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو پنجاب میں 90 روز میں انتخابات کرانے کا حکم دے دیا۔پنجاب اسمبلی کیلئے انتخابات کی تاریخ نہ دینے کے خلاف درخواستوں پر لاہور ہائیکورٹ نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنادیا۔عدالت نے الیکشن کمیشن کو پنجاب میں الیکشن کا فوری اعلان کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔جسٹس جواد حسن نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ عدالت تحریک انصاف کی درخواست منظور کرتی ہے، الیکشن کمیشن آئین میں دی گئی مدت کے اندر الیکشن کا اعلان کرے۔ لاہورہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے تحریک انصاف اور شہری منیر احمد کی درخواستوں پر سماعت کی تھی اور فیصلہ محفوظ کیا تھا۔الیکشن کمیشن کے وکیل نے دوران سماعت مؤقف اختیار کیا کہ انتخابات کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کا کام نہیں، جب تک کمیشن کو فنڈز مہیا نہیں کیے جاتے الیکشن کرانا ممکن نہیں، صوبائی اسمبلی کے انتخابات کیلئے وفاقی حکومت کا مکمل تعاون درکار ہے، مخصوص حالات میں قانون الیکشن مؤخر کرنے کی اجازت دیتا ہے۔الیکشن کمیشن کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ قومی اور صوبائی اسمبلی کے الیکشن ایک دن نہ ہوں تو انتخابات کی شفافیت متاثر ہوسکتی ہے۔
اہم خبریں سے مزید