• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران نے بدترین پابندیوں کے باوجود ہر شعبے میں مقام حاصل کیا، ناصر عباس

اسلام آباد ( خصوصی نمائندہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام انقلاب اسلامی ایران کی 44 ویں سالگرہ کی مناسبت سے سیمینار بعنوان انقلاب اسلامی ،مظہر وحدت امت مسلمہ ہوا۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران نہ تو مغرب اور نہ ہی مشرق کے نظریہ پر وجود میں آیا بلکہ خالصتاً اسلامی نظریہ پر برپا ہوا جسے دنیا میں منفرد و نمایاں مقام حاصل ہوا۔ ایران نے بدترین پابندیوں کے باوجود ہر شعبے میں نمایاں مقام حاصل کیا، پاکستان میں بھی ہمارے لیڈر وہ ہو سکتے ہیں جو نڈر اور بے باک ہوں قوم کا درد رکھتے ہوں نہ کہ ڈرے ہوئے سہمے ہوئے ہوں۔ اسلامی دنیا کی سربراہی کے نام نہاد دعویدار سارے ہیں لیکن حقیقت میں فلسطین کو ایک گولی تک دینے سے عاری ہیں لیکن انقلاب اسلامی نے ان تحریکوں میں نئی روح پھونک دی، انقلاب اسلامی ایران نے امریکی استعماریت کی سپر میسی کو ملیا میٹ کر دیا۔سابق چیئرمین سینیٹ سید نیئر بخاری نے کہا کہ انقلاب لانے کے لیے قربانی دینا ضروری ہے اور اسے قائم رکھنے کے لیے اس سے بھی بڑھ کر قربانیاں ایرانی عوام نے دی ہیں۔ ہمیں بھی اپنے ملک کے وسیع تر مفادات کے لیے مشکل فیصلے کرنے پڑیں گے۔ایران کے ثقافتی قونصلر اسلام آباد احسان خزاعی نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران نے ظلم کی تمام زنجیروں کو توڑ پھینکا۔ علامہ سید احمد اقبال رضوی، امیر عباس،مفتی گلزار نعیمی،علامہ حیدر علوی،علامہ اقبال بہشتی اور ملک اقرار حسین نے بھی اس موقع پر خطاب کیا ۔
اسلام آباد سے مزید