اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ میں وقت آنے پر آئندہ الیکشن لڑنے کا فیصلہ کروں گا، اگر میں نے الیکشن لڑا تومسلم لیگ(ن)کے ٹکٹ پر لڑوں گااوراگر مسلم لیگ (ن)کا ٹکٹ نہ ملا توپھر میں الیکشن ہی نہیں لڑوں گا۔
میں مسلم لیگ (ن)کے ساتھ ہوں، میں اسی جماعت کے ساتھ پہلے دن سے ہوںاورشاید آج جماعت کے پرانے ترین لوگوں میں سے ہوں، خداکا کرم ہے، بہت سے مراحل بھی آئے لیکن میں جماعت کے ساتھ ہی رہا، اس جماعت سے اپنے گھر ہی جاسکتے ہیں، کوئی اورگھر ہمارا ہے نہیں۔ میرے لیڈر نوازشریف ہیں اورپارٹی کے صدر شہبازشریف ہیں، مریم نوازمیری لیڈر نہیں اور نہ ہی مریم نواز کا دعویٰ ہے کہ وہ پارٹی کی لیڈرہیں۔
اگر مریم نواز کل پارٹی کی صدارت کی پوزیشن پر آتی ہیں تو پھر میرا فیصلہ ہو گا کہ میں جماعت میں آگے چل سکتا ہوں یا نہیں چل سکتا اورسیاست کرنی ہے یا نہیں کرنی اور میری سیاست مسلم لیگ (ن)کے اندر ہی ہے۔
مفتاح اسماعیل کے اسحاق ڈار سے کوئی اختلافات نہیں، ملک کی معیشت کو چلانے پر اختلاف رائے ہے اور یہ مثبت بات ہوتی ہے۔