اسلام آباد (نمائندہ جنگ) تحریک انصاف نے کہا ہے کہ مریم نواز نے عدلیہ کی آزادی پر حملہ کیا ، بے جا تنقید کرنے پر انہیں شرم آنی چاہئے۔ مریم نواز کیخلاف کارروائی نہ ہوئی تو ان کی زبان لمبی ہوتی جائے گی، تحریک انصاف کے مرکزی سینئر نائبصدر فوادچوہدری نےایک بیان میں کہا ہے کہ مریم نواز نیب ترامیم سے متعلق عدالتی فیصلے پر اثرانداز ہونا چاہتی ہیں۔مریم نواز عدلیہ پر بے جا تنقید نیب ترامیم پر عدلیہ کے فیصلے سے پہلے دباو بڑھانے کیلئے کر رہی ہیں۔ ان کو خوف ہے کہ عدالت نیب ترامیم کو کالعدم قرار دے دیگی تو رجیم چینج کا سارا مقصد ہی ختم ہو جائے گا۔ یہ سمجھتے ہیں کہ ان کے تمام مقدمات بحال ہو جائیں گے ، یہ عدلیہ پر اثرانداز ہونے کی بہیمانہ کوشش ہے،دریں اثنا پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب نے کہا کہ ن لیگ کو ہمیشہ سے جسٹس (ر) قیوم جیسے ججز چاہئیں جو ان کی مرضی سے کام کریں۔ پاکستان کا کوئی بھی ادارہ مریم نواز کی بدزبانی سے محفوظ نہیں رہا۔