کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملتان میں رنگا رنگ اور دلفریب افتتاحی تقریب سے پاکستان کرکٹ کا سرتاج ایونٹ، پاکستان سپر لیگ کا آٹھواں ایڈیشن شروع ہوگیا۔ ملتان جھوم اٹھا،شام ہوتے ہی ملتان اسٹیڈیم روشنیو ں میں نہا گیا ،چہروں پر چمک اور آنکھوں میں امید لیے شائقین تقریب سےکئی گھنٹے پہلے اسٹیڈیم میں موجود تھے۔ رنگ و نور کے سیلاب کا منظر ناقابل بیان تھا ، آتش بازی نے اور روشنیوں نے اسٹیڈیم کو منور کردیا۔ لیزر لائٹس نے تقریب کو چار چاند لگادیئے۔ ساحر علی بگا اور آئمہ بیگ کے گانوں نے سماں باندھ دیا۔ تقریب قومی ترانے سے شروع ہوئی۔ موسیقار و گلوکار ساحرعلی بگا، آئمہ بیگ، عاصم اظہر اور شائے گل نے اپنی آوازوں کا جادو جاگایا۔ افتتاحی تقریب میں اے آر اور وی آر ٹیکنالوجی بھی شامل تھیں۔ اس ٹیکنالوجی کو آسان لفظوں میں سمجھنے کے لیے یہ کہا جا سکتا ہے کہ گراؤنڈ میں بیٹھے شائقین کو آسمان پر لائٹوں اور لیزر کے ذریعے مختلف اسکیچ اور ڈیزائن دکھائے جائیں گے، جسے میوزک سے ساتھ ملا کر پلے کیا جائے گا۔ ملتان کو پہلی بار پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کی میزبانی ملی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے اگلے سال پاکستان سپر لیگ کے میچ پشاور اور کوئٹہ میں بھی کرانے کا اعلان کیا ہے اور ٹورنامنٹ کے آغاز کا اعلا ن کیا۔ نجم سیٹھی کے ساتھ لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی ، سی ای او عاطف رانا ،ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان اور مالک عالم گیر ترین موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ دبئی سے جو سفرشروع کیا وہ اب ملتان تک آگیا ہے اور اگلے سال پشاورجائیں گے۔ پی ایس ایل نے قومی ٹیم کو بڑے کھلاڑی دیے اور آئندہ بھی دیتا رہے گا۔ شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، حارث رؤف اور ان جیسے بہت سارے کھلاڑی پی ایس ایل کے ذریعے عالمی افق پر آئے اور اپنے ٹیلنٹ سے سب کو حیران کردیا۔ پی ایس ایل نے پاکستان کو بہت سے اثاثے دیے، عوام کو خوش کیا ہے، یہ ایسا انٹرنیشنل برانڈ بنا ہے، جس پر ہم فخر کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال 21 غیرملکی کھلاڑی اپنا ڈیبیو کر رہے ہیں، پی ایس ایل مزید چمکے گا۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ لاہور میرے دل میں ہے اور ملتان میں میرےذہن ہے تو دیکھنا ہے کہ آج دل جیتے گا یا ذہن جیتے گا لیکن آج جو ستارے چمک رہے ہیں، یہ سب ستارے ہمارے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو مبارک ہو، آج ایک خوش آئند دن ہے اور ٹرافی آج یہاں پہنچ چکی ہے اور اب کھلاڑیوں اور ٹیموں پر منحصر ہے کون جیتتا ہے، پہلے ہی مبارک ہو۔ کھیل شروع کرتے ہیں۔