لاہور(ایجنسیاں)نگراںن وزیر اعلی پنجاب سید محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ الیکشن کمیشن جب کہے گا پنجاب میں انتخاب کروادیں گے‘انتخاب کا شیڈول دینا الیکشن کمیشن اور گورنر پنجاب کا معاملہ ہے ‘ہماری خواہش ہے انتخابات کرواکر گھر جائیں ۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ق)کے رہنماء اور سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویزالٰہی کا کہنا ہے کہ عدالتی فیصلے کے بعد الیکشن کی تاریخ میں تاخیر کا کوئی جواز نہیں‘آئین شکنی برداشت نہیں ہو گی‘گورنر اور الیکشن کمیشن تاریخ کے معاملے پر فٹبال کھیلنا بند کریں‘کسی کو آئین پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق ایوان وزیراعلی میں سینئر صحافیوں سے ملاقات میں نگران وزیراعلی نے کہا کہ ہم نے الیکشن کرانا ہے اور اس کے بعد گھر جانا ہے‘الیکشن کمیشن چاہے دس دن بعد کہے یا مہینے بعد کہے ہم الیکشن کروائیں گے‘ میری پوری کوشش ہوگی کہ غیر جانبداری سے پنجاب میں الیکشن کروائے جائیں، عام انتخابات کروانے کیلئے فنڈز وفاقی حکومت نے فراہم کرنے ہیں۔ادھر پرویز الٰہی اور پرویز خٹک کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں سیاسی صورتحال، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پرویزالٰہی نے کہا کہ عدلیہ آئین کی بالادستی کے ساتھ کھڑی ہے‘الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے فوری شیڈول جاری کرے۔قوم سب دیکھ رہی ہے کہ پی ڈی ایم الیکشن سے کس طرح خوفزدہ ہے ۔اس موقع پر پرویز خٹک نے کہا کہ عمران خان کی مقبولیت نے حکمرانوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں‘ عدالتی فیصلہ آچکا ہے اب انتخاب سے بھاگنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔