لاہور (نیوز ایجنسیاں)گورنر پنجاب اور الیکشن کمیشن حکام کے درمیان صوبے میں الیکشن کیلئے تاریخ پر اتفاق نہ ہوسکا، جسکے بعد چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن کمیشن کا مشاورتی اجلاس آج طلب کرلیا، اجلاس دوپہر 12 الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں ہوگا۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے صوبے میں الیکشن کرانے کے لاہور ہائیکورٹ کے حکم سے متعلق درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا، جس میں فیصلے کی تشریح اور وضاحت کی استدعا کی جائیگی۔ اس حوالے سے گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن کی زیر صدارت اجلاس میں الیکشن کمیشن کے حکام سمیت آئی جی اور چیف سیکرٹری پنجاب بھی شریک ہوئے۔ چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب نے صوبے میں انتظامی اور امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی۔اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے انعقاد کا مختلف پہلوؤں سے جائزہ لیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں شریک افراد نے اپنی اپنی آئینی اور قانونی تجاویز دیں۔اجلاس میں فیصلے کی تشریح اور وضاحت کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ گورنر پنجاب لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرینگے اور سنگل بنچ کے فیصلے کے قانونی دائرہ کار کو چیلنج کرینگے۔