اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پہلے عمران خان کہتا تھا باجوہ جیسا سپہ سالار تاریخ میں نہیں آیا، آج کہتا ہے امریکی سازش نہیں تھی، عمران خان نے فارن پالیسی کیخلاف کھیل کھیلا، سائفر آج کدھر ہے؟عمران خان نے کرسی کے منصب پر بیٹھ کر اسپیکر، صدر پاکستان سے آئین شکنی کروائی اور پاکستان کی سالمیت کے خلاف خطرناک کھیل کھیلا، اُس پر آرٹیکل سکس لگنا چاہیے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے حسد اور بغض میں میں مخالفین کو جیلوں میں رکھا، شہزاد اکبر اور عمران خان آج کیوں اسرار سعید کی گواہی پر عدالت نہیں گئے، ہر روز عمران خان کے چہرے سے نقاب اٹھتا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے قوم کو ترقی سے محروم کیا، عمران خان اب عوام کے سامنے ایک لطیفہ بن چکا ہے، سپریم کورٹ کو عمران خان پر نوٹس لینا چاہیے، عمران خان تم آرام سے فرار حاصل نہیں کرسکتے، عمران خان تم چور ہو عدالتوں سے استثنیٰ مانگتے ہو۔