پشاور (این این آئی)خیبر پختونخوا اسمبلی کے بروقت انتخابات کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کی درخواست پر پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن اور گورنر سے تحریری جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت جمعرات تک کیلئے ملتوی کردی۔دوران سماعت عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہ گورنر نے جواب جمع نہیں کیا،گورنر ہمیں بتا دیں کہ کیوں ابھی تک تاریخ نہیں دی۔ پشاور ہائی کورٹ میں کے پی اسمبلی کے بروقت انتخابات کیلئے پی ٹی آئی کی درخواست کی سماعت کے دور ان پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی، اسد قیصر، شبلی فراز اور شاہ فرمان عدالت میں پیش ہوئے۔صوبائی ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ چیف سیکرٹری نے جواب جمع کیا ہے۔عدالت نے کہاکہ گورنر نے جواب جمع نہیں کیا،گورنر ہمیں بتا دیں کہ کیوں ابھی تک تاریخ نہیں دی۔ ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ آئین کے مطابق گورنر کے پاس تاریخ دینے کا ابھی وقت ہے۔ عدالت نے کہا کہ اس پر بعد میں بات ہوگی، پہلے تحریری جواب دیں کہ خط کے جواب میں گورنر نے تاریخ نہیں دی، الیکشن کمیشن کو اگر تاریخ نہیں ملی تو کیا لائحہ عمل ہوگا۔