کراچی (اسٹاف رپورٹر) لاہور قلندرز کے نوجوان بیٹر مرزا طاہر بیگ نے کہا ہے کہ جب پہلی بار لاہور قلندر کے ٹرائلز دینے لیہ گیا تو بےتحاشہ رش دیکھ کر واپس گھر لوٹ گیا تھا، لیہ بہت مشکل سے پہنچا تھاکیونکہ بس کا کرایہ بھی نہیں تھا اور بس کی چھت پر بیٹھ کر سفر کیا تھا۔ ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ پھر دوبارہ خود کو ٹرائلز کیلئے تیار کیا اور ٹرائلز دیکر منتخب ہوگیا ۔ لاہور قلندر میں شامل ہوا تو خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں تھا اب لاہور قلندر سے پی ایس ایل کھیل رہا ہوں۔ طاہر بیگ کا کہنا ہے کہ اے بی ڈویلیئرز آئیڈیل ہیں، ان کی ویڈیوز دیکھ کر بیٹنگ سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں ، جب شروع میں کرکٹ کھیلتا تو لوگ باتیں کرتے تھے اب کہتے ہیں کہ نہیں آپ نے اچھے کے لیے محنت کی ، وہ ایک مکمل کرکٹر بننا چاہتا ہوں، فنشر بننا ہے تاکہ لوگ میری صلاحیتوں کی تعریف کریں کرکٹ میرا جنون ہے اورکرکٹ کے علاوہ کچھ نہیں آتا۔