• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کا شوق پورا کریں گے، بدھ کو لاہور سے جیل بھرو تحریک شروع کریں گے، عمران خان

لاہور(ایجنسیاں)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے22فروری بروز بدھ سے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ اپنی پارٹی سے کہتا ہوں کہ تیاری کریں۔لاہور سے وڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جیل بھرو تحریک کا آغاز لاہور سے ہوگا اور پھر پاکستان کے ہر بڑے شہر میں تحریک شروع کی جائے گی‘حکومت کا شوق پورا کریں گے‘یہ ہمیں ڈرا کر غلام بنانا چاہتے ہیں‘ یہ ہمیں ڈراتے ہیں کہ جیلوں میں ڈال دیں گے‘ہم اتنی گرفتاریاں دیں گے کہ ان کے پاس جیلوں میں جگہ ہی نہیں ہوگی۔ اگر عدلیہ آئین پر عمل نہیں کرا سکتی تو اس سے بڑی بربادی کوئی نہیں ہے۔ان کا مزیدکہناتھاکہ آئین میں واضح لکھا ہے کہ الیکشن 90 روز میں ہونے ہیں، 91 ویں دن کا مطلب یہ ہوگا کہ جو بھی نگراں حکومت ہوگی وہ غیرآئینی ہوگی۔ کہا جاتا ہے کہ پولیس نہیں ہوگی فوج نہیں ہوگی، خطرناک بات ہے کہ الیکشن کمشنر الیکشن کرانے سے معذوری ظاہر کر رہا ہے‘عمران خان نے کہاکہ ہم بار بار کہتے رہے کہ اس حکومت کے پاس مینڈیٹ نہیں یہ ملک نہیں چلا سکتی، یہ کہتے ہیں ہم نے مشکل فیصلے کیے کیا مشکل فیصلے کیے؟ کیا اس حکومت نے قیمتیں بڑھانے کے مشکل فیصلے کیے؟ آئی ایم ایف نے ہمیں بھی کہا تھا قیمتیں بڑھاؤ، ان لوگوں نے ساری چیزیں مہنگی کرکے عوام کی کمر توڑ دی، حل یہ نہیں کہ مزید قرض لیتے جائیں ملکی دولت میں اضافہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ 90 دن میں الیکشن کرانے کی ان کی کوئی سوچ نظر نہیں آرہی، یہ حکومت میں الیکشن سے نہیں آکشن سے بیٹھے ہوئے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید