سکھر (بیورورپورٹ ) صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے سکھر میں انٹرا ڈسٹرکٹ پیپلز بس سروس کے پہلے روٹ کا افتتاح کردیا، مستقبل میں مزید بسوں کے ساتھ دیگر روٹس پر بھی عوام کو سفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے بسیں چلائی جائیں گی اور جلد ہی خواتین کی سہولت کیلئے سکھر لاڑکانہ میں پنک بسیں چلانے کا بھی اعلان کیا، سکھر میں انٹرا ڈسٹرکٹ پیپلز بس سروس کی افتتاحی تقریب روہڑی بس ٹرمینل پر منعقد کی گئی جس میں صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ، سابق وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ، ممبر قومی اسمبلی نعمان اسلام شیخ ، سابق مئیر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ سمیت ضلعی افسران اور شہریوں نے شرکت کی، اس موقع پر صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ 10 جدید ترین بسوں کے ساتھ روہڑی سکھر جڑواں شہروں میں پیپلز بس سروس کا پہلا روٹ 25 کلو میٹر کا شروع کیا گیا ہے، مزید بسیں آنے پر دیگر روٹس بھی شروع ہوں گے، جبکہ کراچی کے بعد جلد خواتین کیلئے سکھر اور لاڑکانہ پنک بسیں چلائی جائیں گی، اس موقع پر سابق صوبائی وزیر اویس قادر شاہ نے اعلان کیا پہلے تین روز پیپلز بس سروس میں مسافر بلکل مفت سفر کرسکیں گے۔