کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ کے نوجوانوں نے مہنگائی کے خلاف کوئٹہ سے کراچی تک سائیکل مارچ کا آغاز کردیا ، جمعہ کو بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی لیبر سیکرٹری موسیٰ بلوچ اور سینٹرل کمیٹی کے رکن و ضلع کوئٹہ کے صدر میر غلام نبی مری نے سائیکل مارچ کرنے والے نوجوانوں کے گروپ لیڈر رفیق بلوچ سمیت دیگر کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے سے روانہ کیا ، اس موقع پر موسیٰ بلوچ ، میر غلام نبی مری اور رفیق بلوچ نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے ہر طبقہ کو پریشان کردیا ہے کہ وہ اپنے اخراجات کیسے پورئے کریں ، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات فراہم کرے جس میں وہ بری طرح ناکام نظر آرہی ہے آئے روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں اور یوٹیلٹی بلوں میں اضافہ کرکے عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈالا جارہا ہے بلوچستان میں روزگار کے ذرائع نہیں جس کی وجہ سے بیروزگاری بڑھ رہی ہے ، اس سائیکل مارچ کا مقصد عوام میں شعور بیدار کرنا ہے۔