اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر ڈاکٹر احسن اقبال نے کفایت شعاری کی پالیسی اور موجودہ ملکی معاشی صورتحال کے پیش نظر خود کو الاٹ کی گئی بڑی لینڈ کروزر گاڑی واپس کرنے کیلئے سیکرٹری کیبنٹ کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے بھی کابینہ کواخراجات کم کرنے کی ہدایت جاری کی تھیں۔ وزارتِ منصوبہ بندی کی طرف سے بڑی سرکاری گاڑی سرنڈر کرنے کے لئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی و خصوصی اقدامات کی طرف سے وفاقی سیکرٹری کیبنٹ ڈویڑن اعزاز احمد ڈار کے نام لکھا گیا مراسلہ بھی شیئر کیا ہے جس میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے اور ملک کو بد ترین معاشی بحران سمیت مختلف بحرانوں کا سامنا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر خسارے کم اور اخراجات پر قابو پانے کے لئے حکومت مشکل فیصلے اور اقدامات کرنے پڑ رہے ہیں۔