لاہور(جنگ نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ آڈیو لیک کے بعد عدلیہ کو دو چار کرداروں کا احتساب اور نواز شریف کی سزا کا ازالہ بھی خود کرنا ہوگا۔اداروں میں موجود ’فیض‘ کی باقیات اب بھی عمران خان کو سپورٹ کررہی ہیں جبکہ اب کوئی بھی ادارہ اس کی پشت پناہی نہیں کررہا۔ لاہور میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور دوسرے لوگ گریبان پکڑ رہے ہیں، پی ٹی آئی بنکرز سے باہر نہیں نکل رہی۔ عوام و معیشت کا بیڑا غرق تحریک انصاف نے کیا جبکہ ہم تعمیر نو کررہے ہیں، نوشتہ دیوار پر پی ٹی آئی کی شکست نظر آ رہی ہے، عمران خان بل میں چوہے کی طرح چھپے ہوئے ہیں اور باہر نہیں آرہے جبکہ کورٹ میں بھی پیش نہیں ہورہے مگر اب عمران خان کسی بھی کیس چاہیے وہ ٹیریان، ہیروں کا کیس ہو یا فارن فنڈنگ کسی میں نہیں بچ پائے گا۔عمران خان عدالت میں نہیں جا سکتے پلاسٹر کا بہانہ بنانا پڑتا ہے، جتنی سہولت عدلیہ کی طرف سے عمران خان کو ملی کسی کو بھی نہیں دی گئی جبکہ وہ رنگے ہاتھوں پکڑے گئے، انصاف کے دوہرے معیار سے بڑا ظلم کچھ نہیں ہو سکتا‘۔انہوں نے کہا کہ گریٹ گیم نہیں رہی بلکہ اب تو سارے کردار قوم کے سامنے آ چکے ہیں، عدلیہ کو باور کروانا چاہتی ہوں احتساب سے ادارے کمزور نہیں مضبوط ہوتے ہیں، ایک یا دو کردار جس سے عدلیہ پر انگلیاں اٹھتی ہیں ان کا احتساب اور روک تھام عدلیہ کو خود ہی کرنی ہو گی ۔اب نوازشریف کی سزا کا ازالہ عدلیہ کو خود کرنا پڑے گا اگر وہ داغ نہیں دھوئے گی تو مستقبل کا راستہ مشکل ہو جائے گا۔ نواز شریف جلد وطن واپس آئیں گے اور وہ باعزت بری ہوں گے کیونکہ فیصلے دینے والے اب خود بول پڑے ہیں کہ اُن سے فیصلے کروائے گئے۔ انصاف کا معیار پورا نہیں کریں گے تو مسائل ہوں گے۔