• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرداری پر عمران کے قتل کی سازش کے الزام پر آج بھی قائم ہوں، شیخ رشید

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام‘‘ نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتےہوئے سابق وفاقی وزیر داخلہ و ریلوے اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ آصف زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش والے الزام پر آج بھی قائم ہوں، مجھے کئی جگہ کے تھانوں میں لے جایا گیا لیکن مجھے کسی بھی پولیس والے نے تشدد کا نشانہ نہیں بنایا اور نہ ہی مذکورہ کیس پر کوئی سوال پوچھا،وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہاکہ جب تک دہشت گردوں کو سہولت کار نہیں ملتے یہ کارروائی نہیں کرسکتے ، کراچی میں بھی ہم ان دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو ڈھونڈ نکال لیں گے،کے پی او آفس کراچی پر حملے پر بات کرتے ہوئے ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان بلوچ کا کہنا تھا کہ ہم پشاور پولیس لائن حملے کے بعد سے ریڈ الرٹ تھے تاہم ہمارے پاس گارڈن ہیڈ کوارٹرز پر دہشت گردوں کے حملے کی اطلاعات تھیں جس پر ہم وہاں اس حوالے سے مکمل الرٹ تھے ۔ سابق وفاقی وزیر داخلہ و ریلوے اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ عمران خان کی جان کو خطر ہ ہے عمران خان کے پاس اطلاعات ہیں کہ وہ نااہل ہوگا اور اس کو جیل بھیجا جائے گا ۔پی ڈی ایم الیکشن سے بھاگنے کا راستہ ڈھونڈ رہی ہے کیونکہ وہ الیکشن عمران خان کے مقابل لڑنا نہیں چاہتی اسی لئے وہ بہانے ڈھونڈ رہی ہے ۔ تاہم مجھے یقین ہے کہ اس حوالے سے سپریم کورٹ ایک تاریخی رول ادا کرے گی ۔اس وقت عوام ایڑیاں رگڑرہے ہیں کیونکہ عوام کی اعتماد والی حکومت کو ہٹا کر اس کی جگہ ایسی حکومت لاد دی گئی جو مافیا کے جہازوں میں سفر کرتی ہے اپنے ملک کے جہازوں میں اس لئے سفر نہیں کرسکتی کہ پیچھے سے چور ، چور کی آوازیں لگ جاتی ہیں ۔ یہ حکومت آئی ایم ایف کی شرائط پر انگوٹھے پر انگوٹھا لگائے جارہی ہے اور آئی ایم ایف ہے کہ ابھی تک ان کو ٹھینگا دکھا رہا ہے ۔ 200 روپے کا ڈالر کرنے کے لئے آنے والے ارسطو نے ملک میں تباہی پھیلادی ہے ۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہ حکومت تنکوں کے سہارے کھڑی ہے ، انشاء اللہ سپریم کورٹ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دے گی اور ان ہی تین مہینوں میں الیکشن کا وقت بھی دے گی۔ بعض سوالات ایسے ہوتے ہیں جن کا جواب دینے کی ضرورت نہیں ہوتی اس ملک میں حکومت نام کی چیز نہیں ہے مجھے تو کہاجاتا ہے کہ میں جیو کے چینل پر نہ آؤں لیکن میں آؤں گا کیونکہ یہ چینل کیا سارے ہی چینل میرے چینل ہیں ، سارے چینلز کو لائسنس میں نے ہی دیئے ہیں اور مجھے اس پر فخر ہے۔ پردے کے پیچھے جو کھیل کھیلا گیا اس کا سب لوگوں کو ہی پتہ ہے ۔ فوج اور ادارے کے خلاف نہ میں نے پہلے بات کی اور نہ اب کروں گا ۔14 دن میں جیل میں رہا ہوں مجھے موت کی چکی میں رکھا گیاہے میرے پر دو دن اور دو راتیں بہت بھاری تھے لیکن اس پر میں نہ چیخوں گا اور نہ چلاؤں گا اور اللہ پر چھوڑتا ہوں اللہ اچھا وقت لائے تو میں ان کومعاف کروں گا ۔ موجودہ حکومت ہارے ہوئے جواریوں کی طرح ہر چیز کو داؤ پر لگارہی ہے یہاں اخبارات میں ایسی تصاویر بھی لگ رہی ہیں جو نہیں لگنا چاہئیں جن میں حساس جگہوں پر ایسے چہرے دکھائی دے رہے ہیں جو قوم کے لئے قابل قبول نہیں ہیں ۔ حالات جس ڈگر پر جارہے ہیں اس میں 30 اپریل تک نتیجہ سامنے آجائے گا ۔ اب قوم کی نگاہیں سپریم کورٹ کی طرف ہیں ۔ جیل میں گزارے دنوں پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا میرے ساتھ کسی نے بھی بد اخلاقی نہیں کی ، مجھے تو گرفتاری کے بعد پتہ چلا کہ بعض لوگ میرے ٹوئٹر سے بھی خوف زدہ ہیں ، میری آنکھوں پر پٹی اور ہاتھ باندھ کر مجھے ایسی جگہ لے جایا گیا جہاں مجھ سے میرے فون کاپاسورڈپوچھاگیا جومیں نے ان کو بتادیاہے اور میرے موبائل فون ان کے پاس ہیں میں نے تو ان سے یہ بھی کہا کہ میرے موبائل میں 95فیصد نمبرز صحافیوں کے اور 5فیصد نمبرز انہی اداروں کے لوگوں کے ہیں جن کے لوگ پاسورڈ مانگ رہے تھے ۔

اہم خبریں سے مزید