واشنگٹن، کراچی ، ریاض (نیوز ایجنسی ، نیوز ڈیسک، شاہد نعیم) امریکا ، سعودی عرب اور ایران نے کراچی پولیس آفس پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی ہے ، امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ تشدد کسی بھی چیز کا جواب نہیں ہے، اسے رکنا چاہئے، کراچی پولیس آفس پر دہشتگردانہ حملے کی مذمت کرتے ہیں ، دہشت گردی کیخلاف پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ترجمان نیڈ پرائس نے دہشت گردی میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت بھی کیا۔پاکستان میں سعودی عرب سفارت خانے نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری بیان میں لکھا سعودی سفارت خانہ اس طرح کے جرائم اور ہر طرح کی دہشت گردی کے خلاف برادر اسلامی ملک پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، ایران کے قونصل جنرل حسن نوریان نے کراچی میں پولیس آفس پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشتگردوں کے حملے سے قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔