کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے شیخ رشید کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شیخ رشید پنڈی شہر پر سیاہ دھبہ ہیں ، صدر آصف علی زرداری پر الزامات لگا کر سیاسی منظر نامے میں موجود رہنا چاہتے ہیں، شیخ رشید کے پاس اگر ثبوت ہیں تو عدالت میں پیش کریں ، ٹی وی پر آکر بڑھکیں مارنا شیخ رشید کا وطیرہ ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ صدر آصف علی زرداری بدلے کی سیاست اور انتقام میں یقین نہیں رکھتے، صدر آصف علی زرداری نے تو ان لوگوں کو بھی معاف کردیا ، جنہوں ان کو اور ان کے خاندان کو بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا ، صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سب سے زیادہ انتہا پسندی کا نشانہ بنتی رہی ہے ، صدر آصف علی زرداری انتہا پسندوں کو عمران خان کے خلاف استعمال کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے ۔