کراچی(اسٹاف رپورٹر)بھارت کا دورہ کرنے والی آسٹریلوی کرکٹ ٹیم دو ٹیسٹ ہار چکی ہے اور اب اسے فٹنس مسائل کا بھی سامنا ہے۔ فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے اور وطن واپس جا رہے ہیں ۔نئی دہلی ٹیسٹ میں انجرڈ ہونے والے ڈیوڈ وارنر کی بھی بقیہ سیریز کے میچز میں شرکت مشکوک ہے۔ کوچ اینڈریو میکڈونلڈ کے مطابق جوش ہیزل ووڈ وطن واپسی پر ری ہیب میں حصہ لیں گے ۔فٹنس مسائل کے باعث جوش ہیزل ووڈ بھارت کے خلاف پہلے دو ٹیسٹ نہیں کھیل سکے تھے ۔ڈیوڈ وارنر فٹ نہ ہوسکے تو ٹریوس ہیڈ کو اننگز اوپن کرنے کی ذمہ داری دی جائے گی۔کیمرون گرین سو فیصد فٹ ہو گئے ہیں۔ مچل اسٹارک بھی تیسرے ٹیسٹ کے لیے دستیاب ہوں گے۔ کپتان پیٹ کمنز فیملی میں بیماری کے باعث پہلے ہی وطن واپس جا چکے ہیں۔ آسٹریلیا ٹیم چار ٹیسٹ میچز کی سیریز کے دو ٹیسٹ ہار چکی ہے سیریز کا تیسرا ٹیسٹ یکم مارچ سے شروع ہو گا۔