اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ و سابق وزیر اعظم عمران خان اور پارٹی رہنما علی نواز اعوان نے الیکشن کمیشن سے توشہ خانہ فیصلہ کے خلاف احتجاج پر درج مقدمات سے دہشت گردی کی دفعات ختم کرانے کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے تاہم رجسٹرارآفس نے درخواست پر اعتراضات عائد کر دئیے ہیں۔ درخواست کو اعتراضات سمیت سماعت کیلئے مقرر کر دیا گیا ہے۔رخواستگزار نے کہا ہے کہ توشہ خانہ فیصلہ کیخلاف احتجاج پر جھوٹا مقدمہ بنایا گیا، جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل ڈویژن بنچ آج سماعت کرے گا۔ فیصل چوہدری اور علی بخاری ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر درخواست میں تھانہ سنگجانی کے ایس ایچ او ، انسداد دہشت گردی عدالت اور وفاق کو فریق بناتے ہوئے عمران خان کی پٹیشن کے حتمی فیصلہ تک ایف آئی آر پر عملدرآمد معطل کرنے کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیاگیا ہے کہ وفاقی حکومت کے ایما پر عمران خان کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا۔