• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایچ بی ایل پی ایس ایل کیلئے غیر ملکی اسٹارز کی پاکستان آمد جاری

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے مزید دو غیر ملکی کھلاڑیوں نے اسکواڈ کو جوائن کر لیا۔افغانستان کے فضل حق فاروقی اور رحمن اللّٰہ گرباز کراچی پہنچ گئے، دونوں کھلاڑی اسلام آباد کو اگلے میچ میں سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے۔دونوں افغان کھلاڑی، افغانستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی سیریز ختم ہونے کے بعد ایچ بی ایل پی ایس ایل کے لیے پہنچے ہیں۔انگلش کرکٹر ایلکس ہیلز 26 فروری کو اسلام آباد یونائیٹڈ کا اسکواڈ جوائن کریں گے۔ دریں اثنا پاکستان کرکٹ بورڈ کی درخواست کو رد کرتے ہوئے سری لنکا کرکٹ نے اپنے دو کھلاڑیوں ہسارنگا اور کوشال مینڈس کو پاکستان سپر لیگ کے لئے این او سی جاری کرنے سے انکار کردیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے ایک اعلی افسر نے سری لنکا حکام سے بات کرکے انہیں دونوں کھلاڑیوں کو این او سی دینے کی درخواست کی تھی۔ کوشال مینڈس نے لاہور قلندرز سے معاہدہ کیا تھا جبکہ ہسارنگا کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ڈرافٹ میں منتخب کیا تھا۔ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم گال گلیڈی ایٹرز لنکا پریمیئر لیگ میں شرکت کرتی ہے لیکن سری لنکا کرکٹ نے اس کا بھی لحاظ نہیں کیا۔ ہسارنگا دس دن پہلے امارات لیگ میں شرکت کررہے تھے لیکن ورک لوڈ کا بہانہ بناکر دونوں کھلاڑیوں کو این او سی نہیں دیا۔ کوشال مینڈس کو لنکن کرکٹ بورڈ نے این او سی جاری کرنے سے انکار کردیا تھا جبکہ لاہور قلندرز نے انکے متبادل کھلاڑی شائی ہوپ اسکواڈ میں جگہ دی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بھانوکا راجا پاکسے کو بورڈ نے پی ایس ایل 8 میں شرکت کی اجازت دیدی تھی جو ایونٹ میں پشاور زلمی کی نمائندگی کررہے ہیں۔

اسپورٹس سے مزید