ملتان (سٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل)کی سکیورٹی کے نام پر ملتان شہر کی سڑکیں پندرہ روزہ بندش کے بعد کھل گئی ہیں۔ٹیموں کی روانگی پر عوام نے سکھ کا سانس لیا۔ کینٹ کے تاجر" آزادی مبارک "کے پلے کارڈ اٹھا کر سڑکوں پر آگئے۔ پی ایس ایل کے پانچ میچز ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس دوران 8تا 23فروری ابدالی روڈ اور ڈیرہ اڈا روڈ مستقل بند جبکہ سٹیڈیم جانے والی سڑکیں اور بوسن روڈ بند ہوتی رہی۔ جس سے لاکھوں شہریوں اور تاجروں کو اذیت ناک صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔سڑکوں کی بندش پر شہریوں نے سوشل میڈیا پر بھی خوب واویلا کیا اور شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔خاص طور پر ابدالی روڈ پر واقع دل کے ہسپتال کے راستے بھی بند ہونے پر شدید ردعمل سامنے آیا۔سڑکوں کی اس بندش سے مختلف مقامات پر ایمبولینسز بھی ہسپتالوں تک نہ پہنچ سکیں اور بعض مریضوں کے راستے میں دم توڑنے کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں۔گزشتہ روز ٹیموں کی واپس روانگی پر قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار بھی واپس لوٹ گئے اور سڑکیں کھل گئی جس پر شہریوں اور تاجروں نے سکھ کا سانس لیا۔ کینٹ میں تاجر"اہلیان ملتان کو آزادی مبارک" کے پلے کارڈ اٹھائے سڑکوں پر کھڑے نظر آئے۔