کراچی (اسٹاف رپورٹر) بیٹسمین اسٹیو اسمتھ، فاسٹ بولر پیٹ کمنز کی عدم دستیابی کے باعث بھارت کے خلاف اندور میں یکم مارچ سے ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلوی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ پیٹ کمنز تیسرے ٹیسٹ سے قبل بھارت واپس نہیں پہنچیں گے۔ پیٹ کمنز نے کہا ہے کہ والدہ بیمار ہیں، میں نے مناسب سمجھا ہے کہ فیملی کے ساتھ رہوں۔ کرکٹ آسٹریلیا نے فاسٹ بولر پیٹ کمنز کی جگہ اسٹیو اسمتھ کو بھارت کیخلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کے لیے کپتان نامزد کردیا ہے، کمنز دوسرے ٹیسٹ میچ کے بعد والدہ کی تیمارداری کیلئے وطن روانہ ہوگئے تھے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے اعلامیے کے مطابق پیٹ کمنز بھارت واپسی کے بجائے مزید وقت والدہ کے ساتھ گزاریں گے اور انکی عدم موجودگی کے باعث اسٹیو اسمتھ قیادت کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ اسٹیو اسمتھ کو 2021 میں کمنز کا نائب کپتان بنایا گیا تھا، اب یہ تیسرا موقع ہوگا جب وہ کمنز کی جگہ بطور ٹیم لیڈر ایکشن میں ہوں گے۔