اسلام آباد(اے پی پی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز ملکی سلامتی یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں‘ ملکی مفادات کیلئے کسی صورت اپنی انا کو آڑے نہیں آنے دینا چاہئے‘ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو ذاتی انا کو بالائے طاق رکھنا ہو گا۔ معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام ناگزیر ہے‘ ملک کیلئے آئی ایم ایف کی کڑی شرائط ماننے پر مجبور ہیں‘ امید ہے کہ آئی ایم ایف سے جلد معاملات طے پا جائیں گے‘ آئی ایم ایف سے معاہدہ کے بعد دوست ممالک مدد کریں گے۔اگر گھر کے حالات خود درست نہیں کریں گے تو کوئی مدد کو نہیں آئے گااسی لئے حکومت نے کفایت شعاری کا آغاز کیا ہے۔ جمعہ کو نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالہ سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پشاور کے اندوہناک سانحہ کے بعد ایپکس کمیٹی کا یہ دوسرا اجلاس ہے، اس اجلاس میں سب کو شرکت کی دعوت دی لیکن اس کے باوجود ایک سیاسی جماعت نے مناسب نہ سمجھا کہ وہ اجلاس میں شریک ہو، آج بھی ان کی خواہش ہے کہ معاملات سڑکوں پر حل ہوں‘ملک کو معاشی مسائل کا سامنا ہے‘سیاسی اتحادیوں نے ریاست بچانے کیلئے اپنی سیاست دائو پر لگائی ہے، ہم ملک کو مشکلات سے نکالنے کیلئے خلوص سے کوشاں ہیں۔ریاست سب سے پہلے ہے باقی سب بعد میں ہے۔ سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کر رہی ہے، جتنی جلد اس معاملے کی نزاکت سمجھ لیں گے اتنی آنے والی نسلوں کی بہتری ہو گی۔