• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پابندی کی دھجیاں بکھیر دی گئیں، راولپنڈی میں بھرپور بسنت ہوائی فائرنگ، 3 جاں بحق، 80 زخمی

اسلام آباد ( ایوب ناصر ،خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی پولیس کے تمام تر دعووں اور دفعہ 144کے باوجود شہر بھر میں پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ ہوتی رہی۔ ایک خاتون سمیت تین افراد کی زندگیاں بنست کی بھینٹ چڑھ گئیں جبکہ 80 سے زائد افراد راولپنڈی کے تینوں بڑے ہسپتالوں میں لائے گئے، تھانہ رتہ امرال کے علاقے میں القمر فلور ملز کے قریب سروس اسٹیشن کا ملازم گولی لگنے سے زندگی کی بازی ہار گیا، 20 سالہ ارحم افضل اپر دیر کا رہائشی بتایا جاتا ہے، تھانہ گنمنڈی کے علاقے موہن پورہ میں سید کمیل عباس پتنگ بازی کے دوران کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا جبکہ تھانہ وارث خان کے علاقے میں وانیہ نامی خاتون بسنت کی بھینٹ چڑھ گئی۔ ریسکیو 1122 کے مطابق افضل ٹائون غریب آباد راولپنڈی میں ایک نوجوان کے پتنگ اڑاتے ہوئے چھت سے گر گیا ، جس پر 27 سالہ نعمان کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے سی ایم ایچ ہسپتال راولپنڈی منتقل کیا گیا۔ ائیرپورٹ روڈ، گلزار قائد راولپنڈی پر ایک بچی کو ناک پر ڈور پھر گئی۔بچی کے والدین کے مطابق وہ والدین کے ساتھ موٹر بائیک پر جا رہی تھی، کہ اچانک ناک پر ڈور پھر گئی۔ کمیٹی چوک، مری روڈ پر بھی ایک عبدالسلام گردن پر ڈور پھرنے سے زخمی ہو گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق موٹر سائیکل پر جاتے ہوئے اسے گردن پر ڈور پھری۔ خواجہ کارپوریشن، اڈیالہ روڈ پر بھی 13 سالہ وقاص پتنگ پکڑتے ہوئے چھت سے گر گیا۔ ادھر پولیس ترجمان کا دعویٰ ہے کہ کریک ڈاؤن کے دوران اب تک310 ملزمان کو گرفتار کرکے پتنگیں، ڈوریں اور اسلحہ برآمد کیا گیا جبکہ عینی شاہدوں کے مطابق درجنوں افراد کو نذرانہ وصول کرکے چھوڑ دیا گیا۔ ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق ڈھوک کھبہ میں پتنگ بازی، ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کی پولیس پر فائرنگ سے ایس پی پوٹھوہار محمد وقاص خان کے آپریٹر عامر بھی زخمی ہو ئے ۔ سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے راول ڈویژن کا دورہ کیا جبکہ پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کی روک تھام کے لیے ایلیٹ فورس سمیت مزید نفری طلب کی گئی۔
اسلام آباد سے مزید