• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک معاشی، سیاسی اور جمہوری بحران کی طرف بڑھ رہا ہے، بلاول

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک آئینی بحران کا شکار ہے، ہم معاشی، سیاسی ، جمہوری بحران کی طرف بڑھ رہے ہیں ہمارا مقابلہ غربت، بیروزگاری اور مہنگائی سے ہے، انہوں نے یہ بات ہفتہ کو سندھ اسمبلی آڈیٹویم میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ، معاشی بحران میں فیصلہ کیا ہے کہ پروگرام کی رقم میں 25 فیصد اضافہ ہوگا حکومتی ذمہ داران بھی مشکل وقت میں عوام کی مزید مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک بھر میں اس طرح کی مہم چلانی چاہیے، سیلاب سے بھی بہت سے لوگ متاثر ہوئے ہیں، چھوٹے کسانوں کی مدد کے لئے بھی پروگرام لارہے ہیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو شفاف ترین پروگرام بنایا بہت سے لوگ اس پروگرام کے خلاف تھے لیکن عالمی ادارے بھی مانتے ہیں یہ شفاف ترین پروگرام ہے وہ بھی بی آئی ایس پی پروگرام کے تحت مدد کرنے کے لئے تیار تھے۔پیپلزپارٹی نے سیاست شروع کی تو روٹی، کپڑا اور مکان ہمارا نعرہ تھا، غریب عوام کو معاشی فائدہ اور انصاف پہنچانا ہی ہمارا مقصد ہے اسی وجہ سے پیپلزپارٹی کی بنیاد رکھی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں جمہوریت پسند یا اسٹیبلشمنٹ مخالف سمجھا جاتا ہے لیکن ایک کام جو ہماری تین نسلوں کی جدوجہد میں سب سے زیادہ قابل فخرسمجھا جاتا ہے وہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ انقلابی پروگرام شہید بینظیر بھٹو کے وژن، نظریہ اور منشور کا حصہ تھا، اپنے آخری دنوں میں جب وہ پاکستان واپسی کی تیاری کر رہی تھی تو ساتھ ساتھ پیپلزپارٹی کے 2007کے منشور پر کام کر رہی تھی۔بلاول بھٹو نے کہا کہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد پیپلزپارٹی نے حکومت سنبھالی تو صدر آصف زرداری نے ایوان صدر میں بیٹھ کر پورے نظام سے لڑ کر بینظیرانکم سپورٹ پروگرام شروع کیا۔امیر آدمی کنجوس ہوتا ہے اور وہ بینکوں میں اپنے پیسے رکھتے ہیں اور بینک میں رکھا ہوا پیسا انہیں مزید پیسا کما کر دیتا ہے اور یہ غلط سوچ ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئی ہمارا تو کوئی سیاسی مخالف نہیں ہے، ہماری مخالف کوئی کٹھ پتلی جماعت نہیں ہے اور ہمارا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے الیکشن کے میدان میں نہیں ہے بلکہ ہمارا مقابلہ غربت، بے روزگاری سے ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان کے پیچھے ایک ڈاکٹرائن تھا اور اس کا ایک حصہ یہ تھا کہ اگر ہم نے کٹوتی کرنا ہے تو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے شروع کرنا ہے ۔

ملک بھر سے سے مزید