اسلام آباد(اے پی پی) سپریم کورٹ آف پاکستان میں زیر التوا کیسز میں کمی ہوئی ہے، 2 فروری 2022سے 25فروری 2023کے دوران مجموعی طور پر 24,303مقدمات کا فیصلہ کیا گیا جبکہ مذکورہ مدت کے دوران 22,018نئے کیسز سامنے آئے۔ ہفتہ کو سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کر دہ پریس ریلیز کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان میں زیر التواء مقدمات کی تعداد میں 2,285کی کمی ہوئی ہے جو کہ 54,735 سے کم ہو کر 52,450 رہ گئی ہے۔فروری 2023 کو ختم ہونے والی سالانہ مدت میں فیصلہ کیے جانے والے مقدمات کی تعداد 2018کے بعد سب سے زیادہ ہے جب کل 16,961 کیسز نمٹائے گئے۔اس کا مثبت نتیجہ سپریم کورٹ کے معزز ججز کی غیر معمولی محنت، کیس مینجمنٹ سسٹم کا تعارف اور کیس لوڈ کی ضروریات کے مطابق بنچوں کی تشکیل کا مظہر ہے۔