سرگودھا(این این آئی)تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کے تحت سرگودھا میں سابق صوبائی وزیر، سابق ایم پی ایز اور 50کارکنوں نے گرفتاری پیش کردی ۔پولیس نے 3وینز میں بھر کر تحریک انصاف کے کارکنوں کو سلانوالی اور بھاگٹانوالہ کے تھانوں میں منتقل کر دیا، گرفتاریاں دینے والوں میں سابق صوبائی وزیر عنصر مجید خان نیازی، سابق ایم پی اے فیصل فاروق چیمہ، ملک شعیب اعوان، انصر اقبال ہرل، پیر فاروق بہاؤالحق، ذوالفقار باجوہ، خواجہ خان، نذیر سوبھی، ذوالفقار بھٹی، مہر محسن رضا، ذکا اللہ خان اور دیگر شامل ہیں۔واضح رہے گزشتہ روز تحریک انصاف کی جانب سے شروع کی گئی جیل بھرو تحریک کے 5 ویں مرحلے میں گوجرنوالہ سے متعدد کارکنوں نے گرفتاری دی تھیں، اس سے قبل لاہور اور راولپنڈی سے بھی پی ٹی آئی کی جانب سے گرفتاریاں دی گئی ہیں، اس تحریک کا آغاز شاہ محمود قریشی کی گرفتاری سے ہوا تھا۔