اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہدھونس دھاندلی سے کراچی کا میئر نہیں بننے دیں گے، پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی قربانی دیں، مرکزی اور سندھ اسمبلی تحلیل کرکے نگران حکومتیں قائم کی جائیں اور پورے ملک میں ایک روز قومی انتخابات کی راہ ہموار کی جائے۔ الیکشن کمیشن کراچی کے چھ حلقوں کے نتائج کا اعلان اور 11کے قریب علاقوں میں ضمنی انتخابات مکمل کرکے بااختیار شہری حکومت دے جو کراچی میں جاری بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور سٹریٹ کرائم کا حل ہے۔ سندھ حکومت الیکشن کمیشن پر اثرانداز نہ ہو، دھونس دھاندلی سے کراچی کا میئر نہیں بننے دیں گے، عوام نے جماعت اسلامی کا ساتھ دیا، شہر کا میئر بھی جماعت اسلامی کا ہوگا۔ انہوں نے گوادر کو حق دو تحریک کے رہنما مولانا ہدایت الرحمن اور ان کے ساتھیوں کی فی الفور رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔