اسلام آباد (فاروق اقدس/جائزہ رپورٹ) پاکستان اور بالخصوص افواج پاکستان کے بارے میں ہمیشہ زہریلا پروپیگنڈہ، من گھڑت الزامات اور ہر موقع پر پاکستان اور پاکستانی فوج کی ساکھ کو نشانہ بنانے والے بھارتی فوج کے ایک ریٹائرڈ میجر گورو آریا جو بھارت میں ایک پاکستان مخالف ٹی وی اینکر کے طور پر بھی پہچانے جاتے ہیں نے اپنی متعصب ذہنیت کے برعکس پاکستانی فوج کو ایک طاقتور، پروفیشنل اور اعلیٰ ساکھ کی حامل فوج قرار دیتے ہوئے دنیا کی بہترین فوج کا ادارہ قرار دیا ہے اور پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے یہ بھی کہا ہے کہ یہ پاک فوج ہی ہے کہ جس نے پاکستانی قوم کو متحد کر رکھا ہے.
اس بارے میں تو کچھ علم نہیں کہ پاک فوج کے بدترین مخالف کی شہرت رکھنے والے اس بھارتی ریٹائرڈ میجر کے اس اعتراف کے در پردہ کیا حکمت عملی ہے شاید فی الحال یہ صیغہ راز میں ہے تاہم بھارتی میڈیا کے ایک ٹی وی چینل کو اپنے ایک انٹرویو میں گور و آریا کایہ بھی کہنا تھا کہ ان دنوں بھارتی میڈیا اور وہ خود پاکستان اور افواج پاکستان کے خلاف اس لئے بھی زیادہ بات نہیں کرتے کیونکہ یہ کام اب پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کر رہے ہیں۔
بھارتی میجر (ر) گورو آریا کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنے ہی قومی اداروں کے خلاف بیان دے کر اپنی ہی فوج کا نقصان کر رہے ہیں اس لئے بھارت کو کچھ خاص کرنے کی ضرورت نہیں ہے، ویسے بھی عمران خان بھارت کا یہ کام بہت اچھے انداز میں کر رہے ہیں اور اپنے ہی ملک کو نقصان پہنچارہے ہیں کیونکہ اگر پاکستان کی فوج مضبوط ہوگی تو پاکستان کے پاس کم از کم ایک ادارہ تو ایسا ہے جو زیادہ مضبوط ہوگا اور جس نے قوم کو متحد رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
گورو آریا کہتے ہیں کہ پاکستان آرمی صرف ایک فوج ہی نہیں بلکہ وہ ایک گلیو ( گوند ) ہے جس نے پاکستان کو جوڑ کر رکھا ہوا ہے سب کو اکٹھا کیا ہوا ہے لیکن اب اسے اندر سے نقصان پہنچ رہا ہے۔
پاک فوج کے بارے میں اپنی اس مثبت قلابازی کے ساتھ ساتھ انہوں نے مختلف سوالوں کے جواب میں جہاں عمران خان پر مسلسل الزامات عائد کئے اور ان کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں پر رکیک حملے کئے وہیں پاکستانی فوج کے عسکری اور قومی کردار کی تعریف اور اس کی صلاحیتوں کا اعتراف بھی بار بار کیا۔
بھارتی ریٹائرڈ میجر کا کہنا تھا کہ طاقت حاصل کرنے کیلئے سب کی کچھ نہ کچھ قیمت ضرور ہوتی ہے عمران خان کی قیمت اس کی انا اور گھمنڈ ہے جو پاکستان کو نقصان پہنچا رہی ہے اور بھارت کیلئے فائدہ مند ہے۔ گورو آریا کے مطابق معلوم نہیں وہ بھارت سے پیار کرتا ہے یا نہیں لیکن خود پاکستان کو نقصان پہنچا رہا ہے یہ بڑی بات ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کی دشمنی میں ہر حد سے گزر جانے والے سابق بھارتی میجر گورو آریا نے گزشتہ سال نومبر میں اپنے ٹویٹر بیرون ملک مقیم بھارت شہریوں سے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ اور دھرنے کیلئے بھی چندے کی اپیل کی تھی اور بھارتی شہریوں سے کہا تھا کہ عمران خان کو ان کے مقاصد کیلئے پیسوں کی کمی نہیں ہونی چاہئے چاہے 10 ڈالر ہی کیوں نہ دیں پی ٹی آئی کو چندا ضرور دیں۔