• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اندور ٹیسٹ، آسٹریلیا کامیاب، عالمی چیمپئن شپ کے فائنل میں رسائی، پچ خراب قرار، بھارت کو جرمانہ

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) آسٹریلیا نے بھارت کو تیسرے ٹیسٹ میچ میں 9وکٹوں سے شکست دیکر آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کا ٹکٹ پالیا۔ 2004کے بعد یہ آسٹریلیا کی بھارتی سرزمین پر صرف دوسری ٹیسٹ فتح ہے۔ کینگروز گذشتہ 12ماہ کے دوران پاکستان، سری لنکا اور اب بھارت کے خلاف ٹیسٹ میچ جیتنے میں کامیاب رہے ہیں۔ بھارت میں اسپن وکٹوں پر سیریز میں حیران کُن طور پر کوئی بھی میچ پانچویں دن تو دور کی بات چوتھے دن تک بھی نہ جاسکا اور تینوں ٹیسٹ میچ3دن میں ختم ہوگئے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اندور کے ہولکر کرکٹ اسٹیڈیم کو پچ کی خراب قرار دیکر تین ڈی میرٹ پوائنٹس کا جرمانہ عائد کر دیا۔ پچ سے متعلق رپورٹ آئی سی سی میچ ریفری کرس براڈ نے جمع کرائی تھی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بورڈ فیصلے کے خلاف14روز کے اندر اپیل کر سکتا ہے۔ اندور میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کیخلاف جارحانہ حکمت عملی اپنائی، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں109رنز بناکر ڈھیر ہوگئی تھی جبکہ آسٹریلیا نے197رنز بنائے اور88رنز کی برتری حاصل کرلی تاہم دوسری اننگز میں بھارتی سورما محض163رنز بناکر پویلین لوٹ گئے اور کینگروز کو76رنز کا ہدف ملا۔ آسٹریلیا نے ہدف ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ عثمان خواجہ صفر پر آؤٹ ہو ئے، ٹریوس ہیڈ49اور اور مارنس لبوشین28رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے،بھارت کی طرف سے واحد وکٹ ایشون نے حاصل کی ۔ میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لائن نے میچ میں11جبکہ میتھیو کوہنیمن نے6وکٹیں اپنے نام کیں۔لائن میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کیلئے بھارتی ٹیم کو چوتھے ٹیسٹ میں لازمی فتح درکار ہے ۔ بھارت کو چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل ہے۔

اسپورٹس سے مزید