راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) نمیبیا سے تعلق رکھنے والے لاہور قلندرز کے آل راؤنڈر ڈیوڈ ویزے ٹیم کیلئے مرشد اور لاہور کے لے گود لیے بیٹے بن گئے ہیں، انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں مقامی ٹیلنٹ سامنے آرہا ہے۔ ایسے بولرز بھی ہیں جو 90 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کرتے ہیں، لاہور قلندرز کا پلیئرز ڈیولپمنٹ پروگرام بھی نوجوانوں کو سامنے لارہا ہے، مقامی کھلاڑیوں نے پی ایس ایل کو مضبوط لیگ بنایا ہے۔ ہماری ٹیم بڑی متوازن ہے، مومینٹم برقرار رکھتے ہیں تو ہم پھر ٹرافی اٹھا سکتے ہیں ۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ابھی لمبا سفر ہے لاہور قلندرز کا آغاز اچھا ہے،پلے آف کا مرحلہ آئے گا توسب کو مزید اچھی کرکٹ کھیلنا ہو گی۔ ڈیوڈ ویزے نے کہا کہ شاہین آفریدی ذہین کپتان ہیں، شروع میں لوگوں نے کہا وہ نوجوان ہیں مشکل ہوگی مگر شاہین کو کھیل کی بڑی سمجھ بوجھ اور بروقت فیصلے کرنے کی صلاحیت ہے، وہ پُرسکون رہتے اور کھیل سے لطف اندوز ہوتے ہیں، ان میں لمبے عرصے تک کپتان رہنے کی صلاحیت ہے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے مجھے موقع دیا گیا اور سپورٹ کیا گیا ہے، لاہور قلندرز کے ساتھ وقت گزار کر لطف اندوز ہوتا ہوں۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مجھے جتنا سراہا جاتا ہے اس سے لگتا ہے کہ میں لاہور کا گود لیا بیٹا ہوں،فین سپورٹ شاندار ہے، یہ میرے لیے خاص چیز ہے، مجھے مرشد کہہ کر پکارا جاتاہے اور یہ سب میری لیے بڑی اہمیت کا حامل ہے۔