کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہےکہ عمران خان نے ہی فیصلہ کیا تھا اگلا الیکشن نئی مردم شماری پر ہوگا، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں پرانی مردم شماری پر الیکشن کروائے گئے تو چند ماہ بعد حلقہ بندیاں بدل جائیں گی، ماہر معاشیات یوسف نذر نے کہا کہ آئندہ مہینے مہنگائی کی شرح 35فیصد سے زیادہ ہوجائے گی، شرح سود سے بڑھانے سے مہنگائی کنٹرول کرنے میں زیادہ مدد نہیں ملے گی، آئی ایم ایف سے جلدی ڈیل ہونے کی امید نظر نہیں آرہی ،سینئر صحافی و تجزیہ کار منیب فاروق نے کہا کہ عمران خان اپنی مقبولیت کے باوجود سمجھتے ہیں انہیں اقتدار اسٹیبلشمنٹ کے ذریعہ ہی مل سکتا ہے، عمران خان آرمی چیف سے بات کرنے کے خواہاں ہیں مگر ان سے بات کرنے کیلئے کوئی تیار نہیں ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ ن لیگ سیاسی جماعت ہے کبھی الیکشن سے فرار نہیں حاصل کیا، ن لیگ کو 2017-18ء سے مسلسل سازش کا سامنا ہے، اگلے عام انتخابات کیلئے مقررہ مدت اکتوبر 2023ء میں بنتی ہے، عمران خان نے ہی فیصلہ کیا تھا اگلا الیکشن نئی مردم شماری پر ہوگا، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں پرانی مردم شماری پر الیکشن کروائے گئے تو چند ماہ بعد حلقہ بندیاں بدل جائیں گی، وہاں ضمنی انتخابات کی ضرورت پڑتی ہے تو وہ کس بنیاد پر ہوں گے کیونکہ نئی مردم شماری کے بعد پرانے حلقے ختم ہوچکے ہوں گے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں چند مخصوص جج صاحبان کے ذریعہ ایسے فیصلے آرہے ہیں جو ن لیگ کے خلاف اور پی ٹی آئی کی حمایت میں جارہے ہیں۔