راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) آسٹریلیا کے اوپنرڈیوڈ وارنر نےایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ڈیوڈ وارنر کی جانب سے اس خواہش کا اظہار افغان آل راؤنڈر اور لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے راشد خان کی انسٹاگرام پوسٹ پر کیا گیا۔ راشد خان نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے 17 رنز سے فتح حاصل کرنے کے بعد انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے اپنی ٹیم کے سکندر رضا اور حارث رؤف کی تعریف کی۔ راشدنے اسٹیڈیم میں موجود لاہور کے کراؤڈ کا شکریہ بھی ادا کیا۔ راشد خان کی انسٹاگرام پوسٹ پر جہاں دیگر کئی کھلاڑیوں نے کمنٹس کیے وہیں آسٹریلیا کے بیٹر ڈیوڈ وارنر نے بھی کمنٹ کیا۔ وارنر نے سوال کیا کہ میں کب کھیل سکتا ہوں؟ آسٹریلوی کرکٹر کا مذکورہ کمنٹ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر خوب وائرل ہورہا ہے جب کہ کرکٹر کے پاکستانی مداح انہیں اپنے وطن آنے کی پیشکش بھی کررہے ہیں۔