کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں خرم شیر زمان، حلیم عادل شیخ اور ارسلان تاج نے کہاہے کہ حکومت میں شامل لوگ عمران خان کو قتل کروانا چاہتے ہیں ان کے پاس دوسرا کوئی آپشن نہیں ہے،عمران خان ریڈ لائن ہیں انہیں گرفتار کیا گیا تو پورے ملک جام کردیں گے، انصاف ہائوس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خرم شیر زمان نے کہا کہ یہ تماشا لگا کر کسی طرح سے عمران کی جان لینا چاہتے ہیں، ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر کو بھی اسی طرح سے قتل کیا گیا، عمران خان کو کچھ ہوا تو ہم ان کے گھروں کا گھیراؤ کریں گے، ملک سے فرار ہونے والے کو بھی واپس لایا جائے، اگر عمران خان کو کچھ ہوا توسندھ حکومت سن لے ان کے خلاف بھی سخت عوامی ردعمل آئے گا، حلیم عادل شیخ نے کہاکہ پی ڈی ایم کے تماشہ لگانے کا مقصد الیکشن سے راہ فرار اختیار کرنا ہے، ہم ان کی اس سازش کا مقابلہ کرتے رہیں گے،انہوں نے کہا کہ ہم حکومتی اقدامات کے خلاف تیار ہیں،ہم دہرا نظام نہیں چلنے دینگے اور نہ ہی عمران خان پر دوسرا حملہ ہونے دیں گے۔