لاہور( این این آئی)تحریک انصاف نے پارٹی چیئرمین عمران خان کی قیادت میں بدھ کے روز لاہور میں ریلی نکال کر انتخابی مہم شروع کرنے کا اعلان کر دیا ۔ تحریک انصاف وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حماد اظہر نے زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اپنے اوپر قاتلانہ حملے کے بعد پہلی دفعہ بدھ کے روز سیاسی قوت کا مظاہرہ کریں گے اور انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔لاہور کی سڑکوں پر انقلاب نظر آئے گا ‘اب پی ڈی ایم ٹولے کے پلیٹ لیٹس اوپر نیچے ہونا شروع ہو جائیں گے۔بدھ کے روز لاہور میں پاکستان کی تاریخی ریلی نکالی جائے گی ،جہاں جہاں سے ہماری ریلی گزرے گی پورا لاہور اپنے قائد عمران خان کا استقبال کرنے کے لئے باہر نکلے گا۔ عمران خان پر 74جعلی مقدمات بنائے گئے لیکن عمران خان آج بھی کھڑا ہے ،زمان پارک میں موجود ہے۔