سبی/ڈھاڈر(نامہ نگاران)بولان میں بلوچستان کانسٹیبلری کےٹرک کے قریب خودکش دھماکے سے 9 اہلکار شہید ہوگئے جبکہ 11 اہلکار زخمی ہوئے جن میں سے 5 کی حالت تشویشناک ہے، بی سی اہلکار سبی میلہ میں فرائض کی انجام دہی کے بعد کوئٹہ واپس جا رہے تھے، کمبڑی کے علاقے میں خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری موٹر سائیکل ان کے ٹرک سے ٹکرا دی، آواز دور تک سنی گئی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف،وزیر داخلہ رانا ثنا اللہوزیردفاع خواجہ محمد آصف،چیئرمین پیپلز پارٹی و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، سابق صدر آصف علی زرداری، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی، اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی، وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور مختلف سیاسی شخصیات نے دہشت گردی کی واردات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کی واردات بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی سازش ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی سول اسپتال سبی میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی،شہید و زخمیوں کو سول اسپتال سبی منتقل کر دیا گیا،پانچ افراد کو نازک حالت میں مزید علاج کے لئے سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا، تفصیلات کے مطابق سبی میلہ کے اختتامی تقریب کے بعد دوسرے روز بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکار واپس اپنے گھروں کو جارہے تھے کہ ان کی گاڑی کو خود کش حملہ آور نے کمبڑی پل کے مقام پر نشانہ بنایا اور پولیس کی گاڑی سے ٹکڑا دی جس کے نتیجے میں زور دار دھماکا ہوا دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جبکہ دھماکے میں ٹرک تباہ ہوگیا، خود کش دھماکے میں دو اے ایس آئی سمیت نو اہلکار شہید ہوگئے جبکہ گیارہ اہلکار زخمی ہوگئے زخمیوں میں پانچ کی حالت نازک ہے واقعے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لیا شہید و زخمیوں کو سول اسپتال سبی اور سی ایم ایچ سبی منتقل کردیا گیا ہے واقعے میں اے ایس آئی گلبدین،اے ایس آئی راوت خان،کانسٹیبلز شہزاد احمد،سمیع اللہ،محمد حیات،عبدالقیوم،نذر محمد،ظہور علی،اشفاق شہید ہو گئے شہید ہونے والوں میں دو سکے بھائی بھی شامل ہیں جبکہ واقعے میں دس اہلکار زخمی ہو گئے، زخمیوں میں اے ایس آئی غلام حیدر، غلام قادر،محمد الیاس،ابراہیم خان، غلام محمد،سلیم جاوید،عبدالسلام،عطاء اللہ، عبدالحق، محمد یعقوب،رستم علی شامل ہیں ایس ایس پی کچھی محمود نوتیزئی نے کہا کہ ابتدائی اطلاع سے لگ رہا ہے کہ واقعہ خود کش ہے،خود کش حملہ آور جو موٹر سائیکل پر سوار تھے پولیس گاڑی سے جاکر ٹکرائی جس کے نتیجے میں زور دار دھماکا ہوا ہے واقعے کے بعد بم ڈسپوزل ٹٰم کو جائے وقوعہ کی جانب روانہ کردیا گیا ہے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ کیا جارہا ہے،جائے وقوعہ سے شواہداکھٹے کئے جارہے ہیں اس سلسلے میں مزید تفتیش جاری ہے واقعے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ سبی کے آفیسران سول اسپتال سبی پہنچ گئے اور زخمیوں کی عیادت کی۔