کوئٹہ ( آن لائن ) کوئٹہ پولیس نے ریاستی اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچانے ‘بے بنیاد الزمات عائد کرنے ‘افسران کیخلاف اشتعال انگیز تقریر کر کے نفرت پھیلانے کے الزام میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیخلاف مقدمہ درج کر لیا، پولیس ذرائع کے مطابق نواکلی کے رہائشی زمیندار عبدالخلیل کاکڑ نے تھانہ بجلی گھر میںرپورٹ درج کرائی ہے کہ وہ 5 مارچ کو پشین اسٹاپ پر واقع ایک اسپتال میں موجود تھا جہاں ٹی وی پر سابق وزیر اعظم عمران خان کی تقریرسنی جس میں عمران خان ریاستی اداروں پر سنگین اور بے بنیاد الزامات عائد اور ریاستی اداروں کے افسران کیخلاف نفرت پھیلا رہے تھے جس سے ملک کے امن وامان کو شدید خطرات لاحق ہیں ایک محب وطن شہری کے طور پر میری شدید دل آزاری ہوئی ۔ عبدالخلیل کاکڑ کی درخواست پر تھانہ بجلی گھر نے ایف آئی آر درج کر کے مزید تحقیقات شروع کردی۔