کوئٹہ(پ ر)جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی رہنماء و رکن اسمبلی حاجی نواز کاکڑ نے کہا ہے کہ قلعہ عبداللہ سمیت بلوچستان بھر میں مردم شماری کو صاف و شفاف بنایا جائے کیونکہ مردم شماری کے بغیر آئندہ انتخابات کا انعقاد ناممکن ہے۔ قلعہ عبداللہ کے عوام مردم شماری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت کی جانب سے نئے عام انتخابات اور اور نئے اضلاع کیلئے مردم شماری کا انعقاد کیاگیا ہے مردم شماری کے بعد تمام اضلاع اور علاقے میں ترقیاتی فنڈز کا اضافہ ہوگا اور ساتھ ہی مردم شماری سے علاقے کی پسماندگی ختم ہونے اور ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہونے کیلئے اس کا انعقاد ضروری ہے ماضی میں جس طرح مردم شماری کے نام پر عوام کو دھوکہ دیاگیا اس کی ہم مذمت کرتے ہیں اور اب اس بار ہم کسی بھی صورت کسی کو بھی اجازت نہیں دینگے کہ وہ اپنی مرضی کے مطابق اپنے اپنے علاقوں میں مردم شماری کریں بلکہ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ مردم شماری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں کیونکہ بعض لوگ اپنی سیاست چمکانے کےلیے مردم شماری میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔