پشاور ( جنگ نیوز )خیبر پختونخوا کیلئے تیونس کے اعزازی قونصل جنرل عماد رشید نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی ہر آنے والے دن کے ساتھ مضبوط ہو رہی ہے اور سی پیک منصوبہ پاکستان کی معیشت میں بہتری کے لئے انتہائی اہم ثابت ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو کے دورے کے موقع پر کیا۔ عماد رشید جو سرحد ایوان صنعت و تجارت پشاور کے سینئر نائب صدر بھی رہ چکے ہیں نے چینی ثقافتی مرکز کی مختلف گیلریاں دیکھیں، فرینڈشپ وال پر دستخط کئے اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے دہشت گردی کے دوران بہت مشکل وقت دیکھا ہے اور اب انہیں یقین ہے کہ برادر ہمسایہ ملک چین کی جانب سے پاکستان باالخصوص خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کے بعد صوبے میں معیشت ترقی کرے گی اور عوام خوش حال ہوں گے۔ عماد رشید نے کہا کہ موجودہ دور میں پاکستان کو معاشی چیلنجز کا سامنا ہے جس سے نبرد آزما ہونے کے لئے ہمیں چین کی معاشی و اقتصادی ترقی سے سبق سیکھنا ہو گا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کے درمیان سمندر سے گہری اور ہمالیہ سے بلند دوستی عوامی سطح پر مزید مستحکم ہو گی۔ انہوں نے پشاور میں چائنہ ونڈو کے قیام کو بھی دونوں ملکوں کے درمیان دوستی کے رشتے مضبوط کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا اور کہا کہ چائنہ وندو میں جہاں لوگوں کو تفریح کا موقع میسر آتا ہے وہیں اپنے برادر ہمسایہ ملک چین کے بارے میں جاننے کا موقع بھی ملتا ہے