• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قلندرز ہدف کے تعاقب میں ناکام، شاہین کی ففٹی رائیگاں، پشاور زلمی کامیاب، پلے آف کی امید روشن

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ 8میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز ہدف کے تعاقب میں دوسرا میچ بھی ہار گئی۔ پشاور زلمی نے صائم ایوب کی شاندار بیٹنگ کی بدولت میچ35رنز سے جیت کر پلے آف تک رسائی کے امکانات روشن کر لئے۔ قلندر ز کے کپتان شاہین آفریدی نے بولنگ کے بعد بیٹنگ میں خوب ہاتھ دکھائے تاہم کی ان کی فائٹنگ نصف سنچری ٹیم کے کام نہ آسکی۔ اختتامی اوورز میں قلندرز کے بولرز نے زلمی کے بیٹرز کو روک دیا اور زیادہ بڑا ٹوٹل نہیں کرنے دیا، لیکن بیٹرز ہدف حاصل نہ کرسکے۔ قلندرزشکست کے باوجود پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پر ہے۔ اس سے قبل قلندرز نے ہدف کا دفاع کرتے ہوئے چاروں میچ جیتے ہیں ۔ منگل کو پنڈی اسٹیڈیم میں زلمی کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے207رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ لاہور قلندرزدو گیندیں پہلے172رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پی ایس ایل کی تاریخ میں یہ دوسرا موقع ہے جب دونوں ٹیمیں آل آؤٹ ہوئیں۔ پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ نوجوان صائم ایوب کو بطور اوپنر پروموٹ کیا گیا۔ کپتان بابراعظم اور صائم ایوب نے پہلی وکٹ پر 107 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، صائم ایوب 36گیندوں پر 68 رنز8 چوکے اور 3 چھکوں کی مدد سے بناکر راشد خان کا شکار بنے۔ بابراعظم 41 گیندوں پر 50 رنز بناسکے ۔ بابراعظم نے ٹام کوہلر کیڈمور کے ساتھ اچھی شراکت کی ۔ ٹام کوہلر کیڈمور کی جارحانہ 36رنز کی اننگز کا خاتمہ حارث رؤف نے کیا۔ شاہین شاہ آفریدی نے حسیب اللہ خان کو 12 رنز پر بولڈ کیا۔ زمان خان نے اننگز کا آخری اوور کیا اور عامر جمال اور ارشد اقبال وکٹیں حاصل کیں ۔ شاہین آفریدی نے 4، حارث رؤف، راشد خان اور زمان خان 2،2 شکار کیے ۔ جواب میں لاہور قلندرز کا ٹاپ آرڈر ریت کی دیوار ثابت ہوا ۔ شاویز عرفان 0، فخر زمان 11، عبداللہ شفیق سات پر آؤٹ ہوگئے۔ وہاب ریاض نے چوتھے ہی اوور میں زلمی کو مسلسل دو گیندوں پر دو وکٹیں دلائیں ۔ اس موقع پر حسین طلعت اور کپتان شاہین آفریدی نے 114 رنز کی شراکت قائم کی۔ دونوں نے بالترتیب 63 اور 52 رنز بنائے۔ شاہین شاہ آفریدی نے 36 گیندوں کا سامنا کرکے 3 چوکے اور پانچ چوکے مارے۔ سکندر رضا نے اپنی برق رفتار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور صرف 7 گیندوں پر 2 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 20 رنز بنائے۔ حسین طلعت نے 4 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 37گیندوں پر 63رنز بنائے ۔ ارشد اقبال نے ڈیوڈ ویزے کو صفر پر آؤٹ کیا۔ راشد خان 2 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے۔ زمان خان 4رنز بناسکے۔ ارشد اقبال اور وہاب ریاض نے تین تین وکٹیں لیں۔

اسپورٹس سے مزید