پشاور(صباح نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے اعلامیہ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے خیبر پختونخوا اور پنجاب میں بلدیاتی نمائندوں کو بحال کر دیا، جسٹس روح الامین نے کہا کہ کیا بلدیاتی انتخابات کے دوران صوبائی اسمبلیوں کو معطل کیا گیا تھا یا صرف بلدیاتی نمائندے ہی معطل ہونگے؟ پشاور ہائیکورٹ میں بلدیاتی نمائندوں کو معطل کرنے اور الیکشن کمیشن کے اعلامیہ کے خلاف رٹ دائر کی گئی تھی، کیس کی سماعت پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس روح الامین اور جسٹس سید ارشدعلی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی۔ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن کے پاس یہ اختیارات ہیں کہ شفاف انتخابات کے لئے بلدیاتی نمائندوں کو معطل کردیں، یہ پہلی دفعہ معطل نہیں ہوئے، 2018میں بھی انتخابات کے لئے بلدیاتی نمائندوں کو معطل کیا گیا تھا۔